بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن مانجھی نے بڑا بیان دیا ہے۔ سابق وزیر اعلی نے
کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں نتیش کمار نے جس طرح کے بیانات دیے ہیں، اس سے
صاف پیغام جاتا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی سمت میں
آگے بڑھ رہے ہیں۔ مانجھی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جس طرح نتیش کمار نوٹ
بندی کی حمایت کر رہے ہیں اور یوپی انتخابات سے اپنے قدم پیچھے ہٹا کر
درپردہ طور سے بی جے پی کی مدد کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں نتیش این ڈی
اے میں شامل ہو سکتے ہیں۔
ای ٹی وی
سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی مانجھی نے کہا کہ اگر نتیش این
ڈی اے میں آتے ہیں تو ان کا ہم بھی خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری
ذاتی رائے ہے کہ بدلے حالات میں سی ایم نتیش اور پی ایم مودی کے درمیان
دوریاں کم ہو رہی ہیں۔ اس کے علاوہ بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن مانجھی کا
درد ایک بار پھر سامنے آیا ہے۔ پہلے ایل جے پی کے ریاستی صدر پشوپتی کمار
پارس اور اب جتن رام مانجھی نے مانا ہے کہ بی جے پی اپنے ساتھیوں کو ترجیح
نہیں دیتی۔ خاص طور پر مانجھی کے نشانے پر بہار بی جے پی ہے۔